web stats

PkGlam.com

Har Khbar, Mily Yhan Par

انڈین کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئے گی؟

Spread the love

این ڈی ٹی وی سپورٹس کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے انڈین ٹیم کا پاکستان جانا انڈین حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ ’انڈین ٹیم پاکستان جائے گی یا نہیں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، لیکن ہماری پالیسی یہ ہے کہ بین الاقوامی دوروں کے لیے ہم ہمیشہ حکومت سے اجازت لیتے ہیں‘۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا ’یہ حکومت پر منحصر ہے کہ فیصلہ کرے کہ ہماری ٹیم کو کسی بھی ملک میں جانا چاہیے یا نہیں۔ اس معاملے میں حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اس کی پابندی کریں گے۔‘

راجیو شکلا انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے موقع پر میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک چیمپئنز ٹرافی کے ون ڈے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والا ہے۔
یاد رہے انڈیا اور پاکستان صرف آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیلتے ہیں۔ ممبئی حملوں کے بعد انڈیا نے 2008 سے دو طرفہ کرکٹ کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کیا۔
پاکستان بھی سات سال کے وقفے کے بعد گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے انڈیا آیا تھا۔ دوسری جانب حال ہی میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انڈیا چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرے گا۔
واضح رہے انڈین کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے اس ٹورنامنٹ کو پاکستان سے سری لنکا یا دبئی میں منعقد کرنے کی درخواست بھی کر سکتا ہے۔
حالیہ ایشیا کپ بھی ہائبرڈ ماڈل کے مطابق کھیلا گیا تھا جس میں انڈیا کو سری لنکا میں اپنے تمام میچ کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے نتیجے میں سری لنکا نے نو میچوں کی میزبانی کی تھی جبکہ باقی چار میچوں کی میزبانی پاکستان نے کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ٹورنامنٹ کو پاکستان سے باہر لے جانے کے سخت خلاف دکھائی دیتا ہے۔
حال ہی میں پاکستان کے آل راؤنڈر حسن علی نے بھی کہا تھا کہ اگر انڈین ٹیم پاکستان کا سفر نہیں کرتی تو ٹورنامنٹ ان کے بغیر ہی ہونا چاہیے۔
آئی سی سی کی جانب سے واضح کیا جا چکا ہے کہ وہ کسی رکن بورڈ کو حکومتی پالیسی کے خلاف جانے پر مجبور نہیں کرے گا۔