سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے منگل کو حج وعمرہ خدمات کے لیے عارضی ورک ویزے سے متعلق ضوابط میں اپ ڈیٹس کا اعلان کیا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے سعودی کابینہ کی جانب حج وعمرہ خدمات کےلیے عارضی ورک ویزوں کے ضوابط کی منظوری سے نجی سیکٹر کو فائدہ اور سروسز کا معیار بھی بہتر ہوگا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ کی جانب سے حج وعمرہ سیکٹر کے لیے بیرون ملک سے عارضی کارکنوں کی درآمد کے لیے ویزوں کے اجرا کا لائحہ عمل کی منظوری دی جس کا مقصد حج وعمرہ شعبے میں خدمات کے معیار کو بہتر کرنا ہے۔
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کابینہ کی جانب سے عارضی ویزوں کے لائحہ عمل کی منظوری سے سیزنل ویزوں کے ضوابط میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ویزوں کی مدت میں بھی توسیع کی گئی ہے۔
سیزنل ویزے ماہ شعبان سے جاری ہوں گے جو سال ہجری کے پہلے ماہ محرم کے آخر تک کارآمد رہیں گے۔
سیزنل ویزوں کے اجرا کے حوالے سے ضوابط میں مزید کہا گیا کہ آجر و اجیر کے مابین ورکنگ ایگریمنٹ کیا جائے گا جبکہ کارکن کے لیے میڈیکل انشورنس فراہم کرنا ضروری ہوگا جو ویزے کے اجرا کےلیے لازمی شرط ہے۔
بڑی کمپنیوں کو یہ سہولت ہو گی کہ وہ اپنے کام کے مطابق سیزنل ویزے کی مدت میں مزید توسیع کرا سکیں گے۔ ویزے کی ابتدائی مدت 90 دن ہوگی جس میں 90 دن کی مزید توسیع کرائی جاسکتی ہے۔
ویزوں کے غلط استعمال کے حوالےسے بھی نگرانی کا سخت نظام رکھا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ کمیٹی ایکشن لے گی۔
وزارت افرادی قوت نے مزید کہا ضوابط پر عمل درآمد نئی ترمیم کے اعلان کے 180 دن بعد کیا جائے گا۔